بھوپال26 اگست (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)مدھیہ پردیش کے دھار ضلع میں کانگریس ممبر اسمبلی امنگ سنگار کے ذریعہ بی جے پی لیڈر کو تھپڑ مارنے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ اس تھپڑ کے واقعہ کے بعد ہنگامہ برپا ہو گیا ہے۔ بی جے پی لیڈر پردیپ گادیا کی شکایت پر پولیس نے مار پیٹ کی دفعات کے تحت معاملہ درج کرلیا ہے۔
یہ واقعہ دھار ضلع کے ٹانڈا گرام میں پیش آیا ،جہاں بجلی کا تار ٹوٹنے کی وجہ سے چھ سالہ بچی کی موت ہوگئی تھی۔ اس کے بعد متاثرہ کنبہ کو چار لاکھ کی مالی مدد کا چیک دینے کے دوران یہ معاملہ پیش آیا۔ اس دوران گاندھوانی سے کانگریس کے ممبر اسمبلی امنگ سنگار اور بی جے پی لیڈر پردیپ گادیا کے درمیان تنازع ہوگیا ، جس دوران امنگ سنگار نے پردیپ گادیا کو تھپڑ رسید کردیا۔ اتنا ہی نہیں اس موقع پر بی جے پی ممبر پارلیمنٹ ساوتری ٹھاکر بھی موجود تھیں۔
واضح ہو کہ بتایا جارہا ہے کہ تنازعہ اس لئے ہوا کہ بی جے پی لیڈر کا کہنا تھا کہ چیک ممبر پارلیمنٹ ساوتری ٹھاکر کے ہاتھوں سے دلایا جائے گا۔ اس تنازع کا ویڈیو وائرل ہورہا ہے ، جس میں ممبر اسمبلی امنگ سنگارا بی جے پی لیڈر گادیا کو تھپڑ مارتے ہوئے نظرآرہے ہیں اور ممبر اسمبلی نے چیک افسران سے چھین کر اہل خانہ کے سپرد کردیا۔اس کے بعد معاملہ تھانہ پہنچ گیا۔ بی جے پی لیڈر گادیا نے تھا نہ میں ممبر اسمبلی پر الزام لگایا ہے کہ انہوں اور کانگریسی لوگوں نے مار پیٹ کی اور جان سے مارنے کی دھمکی بھی دے ڈالی۔ وہیں ممبر اسمبلی سنگار نے بھی تھانہ میں عرضی داخل کرکے گادیا پر الزام لگایا ہے کہ انہوں نے برادری سے متعلق الفاظ کا استعمال کرتے ہوئے ہاتھاپائی کی اور چیک چھیننے کی کوشش کی۔